ویب ڈیسک: 9 مئی واقعات میں پاکستان تحریک انصاف رہنماوں یاسمین راشد اور سرفراز چیمہ سمیت 31 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی. تفصیلات کے مطابق 9 مئی اورمسلم لیگ نون کا آفس نذر آتش کرنے کے دو الگ الگ مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماوں سمیت 31 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے دونوں مقدمات میں یاسمین راشد ، عمر سرفراز چیمہ ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید پر فرد جرم عائد کر دی، اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے ملزمان کے خلاف گواہوں کو شہادت کے لیے طلب کر لیا۔ اے ٹی سی لاہور کی جانب سے مزید کارروائی کوٹ لکھپت جیل میں کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔
یاد رہے ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن پولیس نے مقدمات درج کر رکھے ہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں پر بغاوت اور کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کا الزام ہے، اس جرم میںانہیں مختلف مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے.
