وزیراعظم کو خط لکھنے کا مشورہ

احسن اقبال نے عمران خان کو وزیراعظم کو خط لکھنے کا مشورہ دیدیا

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو وزیراعظم کو خط لکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجاویز، شکایات ہیں تو خط لکھیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات کا مرکزی ڈاکخانہ وزیراعظم کا دفتر ہوتا ہے، عمران خان بار بار آرمی چیف کو خط لکھ کر فوج کو سیاست میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خط لکھنے والوں کو فوج کی سیاسی مداخلت کا 2018 میں چسکا پڑا، جس طرح اس وقت انہیں دھاندلی کے ذریعے اقتدار ملا وہ سمجھتے ہیں دوبارہ اس طرح اقتدار میں آ سکتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ فوج کے ترجمان بھی کہہ چکے ہیں انہیں دوبارہ کسی سیاسی تجربہ میں شامل نہیں ہونا، بار بارخط لکھ کر فوج کو سیاست میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو اس موقف کی نفی ہے جو کہتے ہیں میں بڑا سول حکمرانی کا چیمپئن ہوں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی چوری کا دستاویزی ثبوت ملا ہے، وکیل علی ظفر، سلمان اکرم راجہ جیسے بڑے وکیلوں پر حیرت ہے کس طرح چوری کے مقدمہ کے وکیل بن کر قوم کے سامنے بیچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خط لکھنے والے چاہتے ہیں ان کو ایک بیساکھی مل جائے اس بیساکھی سے دوبارہ اقتدار تک پہنچ جائیں، تحریک انصاف کی ساری سیاست کرپشن کے خلاف تھی لیکن انہوں نے 190 ملین پانڈ کا ڈاکہ پاکستان کے خزانے پر ڈالا ہے۔

مزید پڑھیں:  9مئی واقعات پر کمیشن کے قیام کی یاددہانی، پختونخوا حکومت کا پشاورہائیکورٹ کو خط