سندھ حکومت کا ظلم اور ناانصافی

سندھ حکومت کا ظلم اور ناانصافی جاری ہے، فاروق ستار

ویب ڈیسک: ایم کیو ایم رہنما اور ممبر قومی اسمبلی فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا ظلم اور ناانصافی جاری ہے،پہلے کراچی میں ٹرانسپورٹ مافیا تھا، اب ڈمپر مافیا کو بھی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری ڈمپر مافیا کی بے رحمی کا شکار بن رہے ہیں، ایک بار پھر مہاجر پختون فسادات کی راہ ہموار کی جا رہی ہے، جس کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ شہر میں اشتعال انگیزی ہو، اس قسم کے حالات کا شہر قائد پہلے بھی شکار رہا ہے۔
انہوں نے ایم کیو ایم رہنما آفاق احمد کی گرفتاری کی مذمت اور رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آفاق احمد یہ بیان نہ بھی دیتے تو بھی یہی ہونا تھا، آفاق احمد کی گرفتاری سے یہ معاملہ حل نہیں ہو گا، لوگوں میں اس واقعہ کے حوالے سے شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، اور ہم نے شہر میں آگ لگنے کو اب تک روک رکھا ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اقتدار کی آڑ میں بدعنوانی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے، سندھ حکومت کا ظلم اور ناانصافی جاری ہے، اگر اس کا تدارک نہ کیا گیا تو کسی بھی وقت لاوا پھٹ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  بنوں ریڈ زون میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق،ورثاء کااحتجاج