ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن(ر) صفدر نے کہا کہ 40 سال میں نوازشریف جیسا ایماندار بندہ نہیں دیکھا، نوازشریف کو پاکستان زندہ باد پر نکالا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے مردان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 40 سال میں نوازشریف جیسا ایماندار بندہ نہیں دیکھا، ادھر مریم نواز نے پنجاب کو دلہن کی طرح سجادیاہے، جبکہ یہاں صوبہ خیبرپختونخوا 11 سال میں تباہی کے دہانے پہنچ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ججوں نے پانامہ فیصلہ کر کے پاکستان کو تباہ کر دیا، ملک کی جتنی ترقی نواز شریف کے دور میں ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی، موٹروے، ٹنل، ڈیمز جیسے بڑے منصوبے نوازشریف نے بنائے، لیکن ملکی انتشار کا جو کام ہمارا دشمن نہ کرسکا، عمران خان نے 9 مئی کو کر دکھایا۔
کیپٹن(ر) صفدر نے کہا کہ سعودی عرب نے ایٹمی ملک کے وزیراعظم کو تحفے میں گھڑی دی، عمران خان نے اسے بیج کر پاکستان کی عزت داو پر لگا دی۔ اس کے برعکس مریم نواز نے خیبرپختونخوا کیلئے 10 ارب روپے کا اعلان کیا ہے، جبکہ علی امین گنڈاپور اور عمران خان نے کشمیر بیچا ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ مریم نواز یہاں کے طلبہ کو لیپ ٹاپ دیں گی، یونیورسٹی کے نوجوانوں کو تعلیم کیلئے لندن بھیجیں گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب ترقی کررہاہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں کرپشن عروج پر ہے۔
