ویب ڈیسک: حماس سے بات چیت کیلئے مذاکراتی ٹیم روانہ کرنے کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے حماس کو ایک اور دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو جہنم کے دروازے کھول دیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کیلئے کوششیں جاری ہیں، نیتن یاہو نے بات چیت کیلئے مذاکراتی ٹیم کو قاہرہ روانہ ہونے کا حکم دے دیا، اور اسرائیلی مذاکراتی وفد آج مصر کے دارالحکومت قاہرہ روانہ ہو گا۔
اس کے ساتھ ہی صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کو ایک اور دھمکی دی ہے کہ اگر یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو جہنم کے دروازے کھول دیئے جائیں گے، اور حماس کے خاتمے کے بعد غزہ اسرائیل کیلئے خطرہ نہیں رہے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی سٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں منتقلی پر ثالثوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے، مذاکرات رواں ہفتے جاری رہیں گے۔
