ویب ڈیسک: جنگ بندی مذاکرات کے باوجود صیہونیوں کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، انہوں نے غزہ کے ساتھ آس پاس کے علاقوں پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، حالیہ کارروائیوں کے دوران اسرائیل کی رفح میں پولیس پر بمباری سے 3 اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رہیں، صیہونی دھڑلے سے بلا روک ٹوک فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، خان یونس اور دیگر پناہ گزین کیمپوں کے بعد اب اسرائیل کی رفح میں پولیس پر بمباری کا واقعہ رونما ہوا ہے، جس میں 3اہلکار شہید ہوگئے۔
حماس کے مطابق پولیس اہلکار امدادی ٹرکوں کی حفاظت کیلئے ڈیوٹی پر مامور تھے، 3پولیس اہلکاروں کی شہادت جنگ بندی معاہدہ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، انہوں نے ایک بار پھر وارننگ دی ہے کہ اسرائیلی اقدامات غزہ جنگ بندی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
حماس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کیلئے امدادی ٹرک روکنا معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہے، جبکہ انہوں نے غزہ سے فلسطینیوں کو نکالنے کا امریکی منصوبہ بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کا اپنی سرزمین سے تعلق امریکی صدر کی سمجھ میں نہیں آ سکتا۔
اس موقع پر فلسطین نے عالمی برادری سے اسرائیلی جرائم کو رکوانے کا مطالبہ کر دیا، ک یونکہ جنگ بندی معاہدے کے بعد ہونا چاہئے تھا کہ امدادی کارروائیاں جاری رہتیں اور صیہونی بارود برسانا بند کر دیتے، لیکن یہاں نہ جنگ رکی ہے اور نہ بارود برسانے کا سلسلہ تھم سکا ہے۔
