ویب ڈیسک: 40 ارب ڈالتز کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو آئندہ دہائی کیلئے موثر انداز میں نافذ کرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے 9 ممبرز پر مشتمل ورلڈ بینک ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا وفد آج پاکستان پہنچے گا۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ورلڈ بینک کے 9 ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا وفد تقریباً 20 سال بعد آج پاکستان پہنچ رہا ہے، جبکہ اس دورہ کے دوران جہاں ایک طرف اقتصادی ترقی کے منصوبوں، سرمایہ کاری مواقع ربز بحث رہیں گے، وہیں دوسری طرف حال ہی میں منظور ہونے والے 40 ارب ڈالرز کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو آئندہ دہائی کیلئے موثر انداز سے نافذ کرنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عالمی بینک کا وفد اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے ساتھ اہم بات چیت کرے گا اور اس دوران گزشتہ روز منظور ہونے والے 40 ارب ڈالرز کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز وزیراعظم، وزیر خزانہ اور اقتصادی امور منصوبہ بندی اور توانائی شعبوں کے وزراء سے بھی ملاقات کریں گے۔
وفد اسلام آباد کے علاوہ خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے نمائندوں سے بھی بات چیت کرے گا۔ ان دوروں کا مقصد ملک کے ہر خطے میں پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے عالمی بینک کے عزم کے مطابق مقامی ترقیاتی چیلنجوں اور مواقع کے بارے میں ویژن فراہم کرنا ہے۔ اس دورہ کے دوران عالمی بینک کاروباری لیڈرز، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے بھی اپنے خیالات پر بات چیت کرے گا۔
