اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں

اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا بل سینیٹ سے بھی منظور

ویب ڈیسک: اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الائؤنسز میں اضافے کا بل سینیٹ سے بھی منظور کرلیا گیا ۔
قائم مقام چیئرمین سیدال خان کی صدارت میں سینیٹ اجلاس شروع ہوا جس میں سینیٹر دنیش کمار نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا بل پیش کیا جس کی اپوزیشن نے مخالفت کی۔
سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ مخالفت کرنے والے پی ٹی آئی ارکان نے دستخط کیے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قومی اسمبلی سے بل منظور ہوچکا ہے سیاست نہ کریں، جو لوگ اضافی تنخواہ نہیں لینا چاہتے وہ لکھ کر دے دیں، جو لوگ اضافی تنخواہ نہیں لینا چاہتے وہ سیکرٹریٹ کو نام دے دیں۔
اپوزیشن نے نکتہ اعتراض پر فلور دینے کا مطالبہ کیا اور شور شرابہ شور کردیا۔ اس پر قائم مقام چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ آپ لوگ پھنس گئے ہیں گھبرانا نہیں ہیں۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ قانون سازی کے دوران نکتہ اعتراض نہیں مل سکتا،اس طرح شور شرابے سے کچھ نہیں ہوگا۔
اجلاس میں رکن دوست محمد نے کہا کہ بلوچستان میں 10 مزدور وفات پاگئے ہیں، ان تمام مزدوروں کا تعلق شانگلہ سے تھا، ان کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کے شہدا کیلیے بھی دعا مغفرت کرائیں۔ اس پر سینیٹ میں 10 مزدوروں اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر دعائے مغفرت کرائی گئی۔
اجلاس میں مینٹل ہیلتھ آرڈیننس 2021 میں مزید ترمیم کا بل بھی پیش کردیا گیا مینٹل ہیلتھ بل 2025 سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پیش کیا۔ بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔
سینیٹر ذیشان خانزادہ نے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2025 ایوان میں پیش کردیا۔ حکومت کی مخالفت کے باوجود بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔
یونیورسٹی آف بزنس، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام کے لئے قانون وضع کرنے کا بل ایوان میں پیش کیا گیا۔ یہ بل سینیٹر عبد الشکور نے پیش کیا جسے متعلقہ کمیٹی کو سپرد کر دیا گیا۔
قومی اسمبلی سے منظور کردہ پاکستان سائیکولوجیکل کونسل کے قیام کا بل سینیٹر کامران مرتضی نے پیش کیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔
نیکسس انٹر نیشنل یونیورسٹی آف ہیلتھ ایمرجنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد بل 2025 پیش سینیٹر ناصر محمود نے پیش کیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔
سینیٹر ہمایوں مہمند نے انسداد عصمت دری ترمیمی بل 2023 پیش کیا جسے ایوان نے منظور کرلیا۔

مزید پڑھیں:  موسمیاتی تبدیلیاں،آئی ایم ایف کا پاکستان کو ممکنہ طورپر فنڈز فراہمی کاعندیہ