ویب ڈیسک: ضلع کرم میں پارا چنار جانے والے قافلے پر ایک بار پھر حملہ کیاگیا ، فائرنگ کے نتیجے میں ایک سکیورٹی فورسز اہلکار اور ڈرائیور شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق ٹل سے پاراچنار جانے والے قافلہ پر بگن ، مندروی ، اوچت ، ڈاڈ کمر اور چارخیل کے مقام پر فائرنگ کی گئی فائرنگ کے بعد گاڑیوں کو لوٹا گیا جبکہ آگ بھی لگا دی گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ کانوائی پر حملے کے واقعے میں فورسز کا ایک اہلکار اور ایک گاڑی ڈرائیورشہید ہوگیا جبکہ ایک پولیس اہلکار اور چار ڈرائیوروں سمیت 15افراد زخمی ہوگئے ۔
واقعے کے بعد فورسز نے علاقے میں بڑی کارروائی شروع کردی جس میں دہشت گردوں کے خلاف توپخانے سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق 9گاڑی سامان سمیت علی زئی بحفاظت پہنچادی گئی ہیںجبکہ سترہ گاڑیاں ٹل واپس پہنچ گئی ہیں ٹل واپس پہنچنے والی زیادہ تر گاڑیوں کو لوٹا گیا ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ 35سے زائد گاڑیاں اب بھی علاقے میں پھنسی ہوئی ہیں ۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹل سے 130 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ روانہ ہواتھا جس میں 5 آئل ٹینکر بھی موجود تھیں ،اس موقع پر لوٹ مار کرنے والوں پر فائرنگ بھی کی گئی ۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے زخمی ڈرائیور کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال علیزئی منتقل کیا گیا جبکہ واقعے میں مزید نقصانات کا بھی خدشہ ہے ۔
زخمی ڈرائیور کے مطابق رہائشی مکانوں سے فائرنگ کی گئی ہے ۔
دوسری جانب تاجر برادری نے دعویٰ کیا ہے کہ 15سے زائد ڈرائیور تاحال لاپتہ ہیں جن سے رابطہ نہیں ہورہا ۔
