آرمی چیف کا واضح پیغام

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فتنہ ا لخوارج کودوٹوک ا ور واضح پیغام دے کر متنبہ کردیا ہے کہ وہ اسلام سے نابلد اور قطعی طور پر خارجی ہیں ‘ اور کسی گمراہ گروہ کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنی اقدار ہمارے ملک پرمسلط کرے ‘ طلبہ سے خصوصی گفتگوکی ایک کلپ سوشل میڈیاپرسامنے آئی ہے جس میں نئی نسل سے مخاطب ہوتے ہوئے آرمی چیف نے اپنا نقطہ نظر جامع ‘ مدلل اور معنی خیز انداز میںواضح کیا ‘جنرل سید عاطم منیر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج ریاست کے سامنے ہتھیار پھینک دیںاور اس کے بعد ریاست سے رحم کی توقع کریں ‘ تاہم گمراہ گروہ کویہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنی اقدار ہمارے ملک پرمسلط کریں ا مر واقعہ یہ ہے کہ فتنہ الخوارج گروہ ایک عرصے سے پاکستان پر اپنے نظریات ٹھونسنے کے لئے دہشت گردی کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں وہ بیرونی ایجنڈے پر ملک کے مختلف حصوں میں نہ صرف افواج پاکستان بلکہ دوسرے سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں پرحملے کرکے دہشت پھیلاتے ہیں بلکہ عام بے گناہ انسانوں کے خون کے ساتھ بھی ہولی کھیل رہے ہیں یہاں تک کہ ان کی دہشت سے مساجد ‘ مدارس ‘ اور دیگر اہم مقامات بھی محفوظ نہیں ہیں ‘ ان خوارج کا مقابلہ کرنے کے لئے اب عوام کے اندربھی انتہائی منفی جذبات اپنی انتہا کوچھو رہے ہیں اور عوام اپنی بہادر اور جری افواج اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل اتفاق کرتے ہوئے نہ صرف الخوراج کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدام کی کلی حمایت کرتے ہیں بلکہ حکومتی اداروں کی پالیسیوں کی مکمل پشت پناہی بھی کر رہے ہیں ‘ آرمی چیف نے نوجوانوں سے اپنے پیغام میں قرآن حکیم کے ارشادات کی روشنی میں جس طرح مٹھی بھرگمراہ فتنہ الخوارج کی حقیقت واضح کی ہے اور کہا ہے کہ یہ فتنہ الخوارج اسلام کی غلط تشریح اور اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اسی کی وجہ سے افواج پاکستان ان کے خلاف لڑ رہے ہیں ‘ آرمی چیف نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ فتنہ الخوارج کے حوالے سے قرآن مجید میں واضح احکامات ہیں ا ور سزائیں بھی متعین ہیں ‘ آرمی چیف نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول صلی ا للہ علیہ وآلہ وسلم سے جوجنگ کرتے ہیں اور زمین پرفساد پھیلاتے ہیں ا ن کی سزا یہ ہے کہ انہیں قتل کردو’ پھانسی پر لٹکا دو ‘ یا پھر اپنی زمین سے انہیں دربدرکردو ‘ دنیامیں ان کے لئے یہ سزا ہے جبکہ آخرت میں دردناک عذاب دیا جائے گا ۔ ایک حافظ قرآن ہونے کے ناتے قرآنی آیات اور ان کی تشریح سے واقفیت رکھنے کے حوالے سے جنرل سید عاصم منیر نے فتنہ الخوارج کو نہایت واضح پیغام دے دیا ہے اور ان پر واضح کر دیا ہے کہ جو عذاب سے بچنا چاہتے ہیں وہ ہتھیار پھینک دیں سر تسلیم خم کر لیں توپھر اللہ بڑا غفور و رحیم ہے اس طرح ریاست سے بھی رحم کی توقع کی جا سکتی ہے ‘ خواتین کے حوالے سے آرمی چیف نے واضح کیا کہ اسلام نے عورت کوآسمان تک پہنچایا اور اس کو عزت دی ‘ چاہے وہ ماں ہو ‘ بیوی ہو ‘ بہن ہو ‘ یا بیٹی ہو لیکن آج تم کون ہو یا تمہیں یہ اختیار کس نے دیا ہے جو اس سے یہ مقام چھین لو ‘ آرمی چیف کے ان الفاظ میں اسلام سے پہلے دور جاہلیت میں عورت کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور پھر اسلام کی روشنی پھیلنے کے بعد عورت کو ماں ‘ بیوی ‘ بہن اور بیٹی کے درجوں میں ہر ایک حیثیت سے اس کی اہمیت اور عزت و تکریم کویقینی بنانے کے بعد آج ایک بار پھرکچھ مخصوص ذہن کے لوگ عورت کو اسلامی تعلیمات کے منافی(غیر انسانی) سلوک کا شکار کرتے ہیں جبکہ اسلام کے آفاقی پیغام کے ذریعے اس سے منع کردیا گیا ہے ‘ اس لئے جو لوگ ایسا کر رہے ہیں انہیں اللہ کے احکامات سے روگردانی پر ضرور سوچنا چاہئے’ آرمی چیف نے اپنے پیغام میں جو سب سے اہم بات کی ہے وہ اسلام کے اس بنیادی سبق کی جس میں ہر مسلمان کو رنگ ونسل ‘ زبان اور معاشرتی اقدار سے بالاتر ہو کردوسرے مسلمان کے لئے بھائی بھائی کے رشتے میں منسلک ہونا ہے ‘ انہوں نے کہا کہ فوج کا یہی مزہ ہے کہ کوئی سندھی ‘ بلوچ ‘ پٹھان ‘ پنجابی نہیں ہم سب پاکستانی ہیں اور جب تک نوجوان نسل ہمارے ساتھ ہے پاک فوج کبھی نہیں ہارے گی ‘ ہم سمجھتے ہیں کہ آج جب ایک خاص طبقہ نہ صرف عام لوگوں میں تفرقہ پیدا کرکے ان میں تفرتیں بھر رہا ہے بلکہ (انتہائی معذرت کے ساتھ) افواج پاکستان کے اندر بھی تقسیم پیدا کرنے کی کوششیں کر رہا ہے ان کے لئے یہ ایک مسکت جواب ہے اور آرمی چیف نے واضح کردیا ہے کہ عوام جب تک فوج کے ساتھ ہے فوج کے اندر کسی قسم کی نسلی تعصب اورتقسیم کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکتیں کیونکہ افواج پاکستان میں نسلی تفاخر اورتقسیم کی کوئی سوچ نہیں بلکہ عین اسلامی تعلیمات کے مطابق یہاں کوئی سندھی ‘ بلوچی ‘ پختون ‘ پنجابی نہیں ‘ سب اسلام کے لازوال رشتے میں منسلک ایک دوسرے کے لئے اہمیت رکھتے ہیں ‘ بالکل جس طرح اسلام میں گورے کوکالے پر اور کالے کو گورے پر ‘ عربی کوعجمی پر اورعجمی کو عربی پر فوقیت حاصل نہیں بلکہ سب برابر ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ بھائیوں والے رشتے میںمنسلک ہیں۔

مزید پڑھیں:  گمنام شاعریست عطا در دیار ِ ما