ویب ڈیسک: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور اور مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو کوئی آفر نہیں ہوئی، البتہ عمران خان این آر او لینا چاہتے ہیں، اس لئے رابطے پر رابطے کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ چکے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات کرنے کیلئے تیار ہیں، تو اس سے صاف ظاہر ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کر کے عمران خان این آر او لینا چاہتے ہیں، یا یہ ان کی ریلیف کیلئے کوئی کوشش بھی ہو سکتی ہے۔
رہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ عمران خان کو پیشکشن کس نے کی ہو گی، انہیں آفر کون دے سکتا ہے، آج تک وہ نام تو بتا نہیں سکے، البتہ یہ بات واضح ہے کہ حکومت کی طرف سے انہیں کوئی آفر نہیں ہوئی، حکومت نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت ضرور دی تھی، انہیں کوئی آفر نہیں دی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا ڈیل، رہائی یا کیسز ختم کرنے کی کوئی بات نہیں ہوئی، اور نہ مستقبل میں ایسی کسی بات کی امید ہے، سیاسی جمہوریت میں ڈائیلاگ سے ہی مسائل حل ہوتے ہیں۔ پی ٹی آئی اگر احتجاج کا راستہ اپناتی ہے تو احتجاج کے طریقے آئین و قانون میں ہیں، ان کے مطابق احتجاج کریں۔
