ویب ڈیسک: ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ملکہ کوہسار مری نے بھی سفید چادر اوڑھ لی، یہ طویل عرصہ بعد ہونے والی برفباری ہے جس کے ساتھ ہی موسم سرما لوٹ آیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری کے اونچے پہاڑوں پر اب تک 5 انچ تک برف پڑھ چکی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس صورتحال میں تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، تمام شاہراہوں سے برف صفائی کا عمل بھی جاری ہے جس سے ٹریفک رواں دواں ہے۔
برف باری کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم 13 سہولت سنٹرز پر ریسکیو اہلکار ایمرجنسی ریسورسز کے ہمراہ موجود ہیں۔ مری میں برفباری پر ڈپٹی کمشنر ضلع مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی طرف سے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
ان کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق شہری احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سیاح مری میں دوران برفباری مکمل فٹ اور فور ویل گاڑی لے کر آئیں، دوسری طرف انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ دوران برفباری اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل کر کے آئیں۔
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دوران برفباری گاڑی سلپ ہونے کی صورت میں گاڑی کے ٹائر پر چین کا استعمال کریں، دوران برفباری روڈ کے اوپر گاڑی کھڑی کر کے سلفی نہ بنائیں، یہ خطرناک ہو سکتی ہے۔ یاد رہے ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ملکہ کوہسار مری نے بھی سفید چادر اوڑھ لی۔
