سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کیخلاف

آرمی چیف کا دورہ برطانیہ،سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی کااعلان

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے آرمی چیف کے دورہ برطانیہ پر سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ برطانیہ میں چیف آف آرمی اسٹاف کو ملنی والی عزت اور وقار تحریک انصاف کو ہضم نہیں ہوا، احتجاج اور سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف برطانیہ کے دورے پر ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس سے پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا، پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کو آرمی چیف کا برطانیہ میں پرتپاک استقبال ہضم نہیں ہوا، اس لیے مٹھی بھر شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں جبکہ کچھ لوگوں نے احتجاج بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ محب وطن پاکستانیوں نے شرپسند عناصر کی اس مہم کو مسترد کر دیا ہے، جو کوئی بھی پاکستان کی سالمیت، بقا اور مفاد کو نقصان پہنچائے گا اس کے لئے قانون موجود ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے، معیشت میں واضح بہتری آ رہی ہے، معاشی اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں، ترسیلات زر میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کا ترسیلات زر بھجوانے میں اہم کردار ہے، ایک طرف بیرون ملک پاکستانی ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہے ہیں اور دوسری جانب شرپسند ٹولہ پاکستان سے دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔
انہوں نے کہا کہ مہم چلانے اور احتجاجیوں کے خلاف قانون کے اندر رہتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایکشن لازمی لیا جائے گا، جہاں ملکی مفاد کی بات ہو، تحریک انصاف کے لئے یہ بات ہضم کرنا مشکل ہے کیونکہ ان کے لئے پاکستان کوئی معنی نہیں رکھتا۔

مزید پڑھیں:  لکی پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، دہشتگردوں کے عارضی ٹھکانے تباہ