ویب ڈیسک: انسانی سمگلنگ کا ایک اور کیس دھر لیا گیا، جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر افغان شہریوں کو اٹلی بھجوانے والے 2 ایجنٹ گرفتار کر لئے گئے، ملزمان کو وزیرستان پلازہ صدر پشاور میں گرفتار کیا گیا، اس سے قبل بھی ملزمان کی گرفتاری کے لئے تھل، ہنگو میں چھاپے مارے گئے.
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے لنک کوہاٹ زون کی کارروائی کے دوران افغان شہریوں کو اٹلی بھجوانے والے انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 ایجنٹ ایف آئی اے کے ہاتھ لگ گئے، ادارے کے مطابق گرفتار ایجنٹوں کی شناخت شفیع اللہ اور خورشید کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کو وزیرستان پلازہ صدر پشاور سے گرفتار کیا گیا.
ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل بھی ملزمان کی گرفتاری کے لئے تھل، ہنگو میں چھاپے مارے گئے، ایجنٹوں کو جدید وسائل اور ہیومن انٹیلی جنس کو استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ملزمان کے خلاف کاروائی ایف آئی اے امیگریشن لائزان آفس اٹلی کی رپورٹ پر عمل میں لائی گئی.
ذرائع کے مطابق ملزمان افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹس پر کابل سے سعودی عرب سمگل کرنے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں، جبکہ چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 15 پاکستانی پاسپورٹ اور موبائل فونز برآمد کر لئے گئے، ان برآمد ہونے والے ملزمان کے موبائل فون سے پاکستانی اور افغان پاسپورٹس سے متعلق معلومات اور دیگر شواہد بھی برآمد کر لئے گئے.
ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزمان ایف آئی اے پشاور زون کو بھی انسانی سمگلنگ کے مقدمے میں مطلوب تھے،کیونکہ ملزمان متعدد شہریوں سے ویزا فراڈ کر کے بھاری رقوم بٹور چکے تھے، ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں. یاد رہے جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر افغان شہریوں کو اٹلی بھجوانے والے 2 ایجنٹ گرفتار کر لئے گئے.
