اپوزیشن نے شکایتوں کے انبار لگا

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سےملاقات، اپوزیشن نے شکایتوں کے انبار لگا دیئے

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کے دوران اپوزیشن نے شکایتوں کے انبار لگا دیئے، پی ٹی آئی کی جانب سے 5 اراکین نے ملاقات میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن ارکان کی ملاقات چیف جسٹس کے گھر پر ہوئی، جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم نے آج چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی اور مسائل کے حوالے سے انہیں تفصیلی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے چیف جسٹس کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی انکی اہلیہ سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی، اس سلسلے میں آپ کے کورٹ آرڈرز کو بھی نہیں مانا جا رہا۔ اپوزیشن کی ملاقات چیف جسٹس کی درخواست پر کی گئی، جس میں چیف جسٹس نے عدالتی ریفارمز کے حوالے سے دس نکاتی ایجنڈا بھی شیئر کیا۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ہم اپنی تجاویز چیف جسٹس آف پاکستان کو دینگے، ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کے بارے میں بھی بات ہوئی، چیف جسٹس سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کو ڈاکٹر اور بچوں کے ساتھ ٹیلیفون کی رسائی، پی ٹی آئی لیڈرز اور کارکنان پر ایف آئی آرز کے حوالے سے کھل کر بات چیت کی گئی۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ ہمیں چیف جسٹس پاکستان نے ملاقات کی دعوت دی، ملاقات سے پہلے 3 بار بانی پی ٹی آئی سے اجازت لی، اور ان کی اجازت کے بعد ملاقات کیلئے آئے، اس حوالے سے عمران خان نے بتایا ہے کہ ملٹری کورٹ کے حوالے سے بھی بات چیت کرنا، ہم نے ملاقات میں چیف جسٹس کو انصاف کی فراہمی میں حائل مسائل کے بارے میں بھی بتایا۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے طویل میٹنگ ہوئی، ہمارے ہر رکن نے میٹنگ میں اپنی بات کی، چیف جسٹس نے اس بات کو سراہا کہ ہمارے وفد میں ٹاپ کے وکلاء موجود تھے۔
عمر ایوب نے بتایا کہ ہم نے چیف جسٹس کو اس بارے میں بھی آگاہ کیا کہ ہمارے وکلاء کو ڈرانے کیلئے سب پر متعدد ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، پنجاب میں پولیس گردی اور ریاستی دہشتگردی ہو رہی ہے، ہمارے ورکرز کو جعلی ایف آئی آرز میں اندر رکھا ہوا ہے، وکلا کو جو ملاقات کی اتھارٹی ہوتی ہے وہ نہیں دی جاتی، سلمان اکرم راجہ نےلاپتہ افراد کا معاملہ چیف جسٹس کے سامنے رکھا۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ چیف جسٹس کو بتایا کہ ملک میں انسانی حقوق عملا ختم ہو چکے ہیں اور اس وقت پورے نظام عدل کو مذاق بنادیا گیا ہے، ہم نے بتایا کہ نظام عدل کو ایک آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کے دوران اپوزیشن نے شکایتوں کے انبار لگا دیئے، پی ٹی آئی کی جانب سے 5 اراکین نے ملاقات میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں:  سوات :مختلف واقعات میں خاتون سمیت 2افراد قتل