ویب ڈیسک: مصطفی عامر قتل کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، مقتول کی قبرکشائی کرکے نعش سرد خانے منتقل کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق مواچھ گوٹھ میں واقع ایدھی قبرستان میں مقتول نوجوان مصطفی عامر کی قبر کشائی ہوئی، اس موقع پر میڈیکل ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید اور سی پی ایل سی شناخت پروجیکٹ کے ہیڈ عامر حسن بھی قبر کشائی کے موقع پر موجود تھے جہاں انہوں نے پہلے قبر کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں میڈیکل ٹیم نے لاش سے نمونے حاصل کیے۔
واضح رہے کہ مقتول مصطفی عامر کی لاش دریجی پولیس کی جانب سے 12 فروری کو ایدھی کے سپرد کی گئی تھی اور 16 فروری کو مصطفی عامر کی لاش لاوارث قرار دے کرمواچھ گوٹھ ایدھی فانڈیشن کے قبرستان میں تدفین کردی گئی تھی۔
قبر کشائی کے بعد لاش کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سے اگلے مرحلے میں پوسٹ مارٹم کے بعد نمونے حاصل کیے جائیں گے تاکہ وجہ موت کا تعین ہو سکے۔ ناقابل شناخت لاش سے ڈی این اے کے نمونے بھی حاصل کیے جائیں گے تاکہ مقتول کی تصدیق بھی ہو سکے۔
دوسری جانب مصطفی عامرقتل کیس کے ملزمان ارمغان اور شیراز کو کل ریمانڈ کے لیے انسداد دہشت گردی کورٹ نمبر 3 میں پیش کیاجائیگا۔
پراسیکیوٹر جنرل سندھ منتظر مہدی نے بتایا کہ ہماری درخواست پر کورٹ نمبر 3 کانوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، ملزم ارمغان کا4دن کاریمانڈ کورٹ نمبر 2 سے دیاگیاتھا جب کہ ملزم شیرازکاریمانڈ کورٹ نمبر ایک نے دیاتھا۔
انہوں نے بتایا کہ کورٹ نمبر ایک کیجج سے ریمانڈکااختیار واپس لے لیاگیا ہے اور کورٹ نمبردو کیجج 18فروری کوریٹائرڈ ہوگئے ہیں۔
