ویب ڈیسک: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 107رنز سے ہرادیا ۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے پہلے میچ میں افغانستان کی ٹیم 316رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 44 ویں اوور میں 208رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ 90 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ راشد خان 18، عظمت اللہ عمرزئی 18، ابراہیم زادران 17، صدیق اللہ اٹل 16، گلبدین نائب 13، رحمان اللہ گربز 10، نور احمد 9، محمد نبی 8جبکہ کپتان حشمت اللہ شاہدی 0 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔
پروٹیز کی جانب سے کیگیسو رباڈا نے 3، وائین ملڈر اور لنگی اینگیڈی 2، 2 جبکہ مارکو جینسن اور کیشو مہاراج نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔ ایڈن مارکرم 52 اور ویان ملڈر 12 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
پروٹیز کی جانب سے اوپنر رائن رکلٹن نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان ٹیمبا بووما 58 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ راسی وان ڈیر ڈوسن نے 52 اور ڈیوڈ ملر نے 14 رنز بنائے جبکہ مارکو جانسن صفر پر پویلین لوٹے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فضل حق فاروقی، عظمت اللہ عمر زئی اور نور احمد نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
