جلد بلاول بھٹو پاکستان کے وزیراعظم

جلد بلاول بھٹو پاکستان کے وزیراعظم ہوں گے، گورنر خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پنجاب کی عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو محبت دی، اگر یہ محبت جاری رہی تو جلد بلاول بھٹو پاکستان کے وزیراعظم ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میاں جنوں میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر خیبرپختونخوا اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کا موازنہ کیا جائے تو سندھ میں زیادہ ترقیاتی کام ہوئے، اس لئے وہاں زیادہ ترقی نظر آتی ہے، لہٰذا جو وزیراعلیٰ کام نہیں کر سکا، اسے مستعفی ہو جانا چاہیے۔
گورنر فیصل کریم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے سندھ کے وزیراعلیٰ سے ایک انچ بھی زیادہ ترقیاتی کام کیا ہو تو مراد علی شاہ مستعفی ہونے کو تیار ہیں۔ خیبرپختونخوا میں امن و ترقیاتی کاموں کی صورتحال بھی انتہائی مایوس کن ہے۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو حکومت کروڑوں نوکریاں اور لاکھوں گھر دینے کے وعدے کرتی تھی، اسی نے محض ایک بل کے ذریعے 20 ہزار ملازمتیں ختم کر دیں، جوکہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے، ان کے منہ کا نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں وائیلیشنز ہو رہی ہیں، لیکن جو سہولیات قیدی نمبر 804 کو مل رہی ہیں، وہ تمام قیدیوں کو بھی دی جانی چاہئیں۔ 2013 میں ایک پرامن صوبہ پی ٹی آئی کے حوالے کیا گیا تھا، لیکن آج صوبے کی حالت سب کے سامنے ہے۔ صرف ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام عمران خان سٹیڈیم رکھنے سے ترقی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو محبت دی، اگر یہ محبت جاری رہی تو جلد بلاول بھٹو پاکستان کے وزیراعظم ہوں گے۔ اگر پختونخوا اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کا موازنہ کیا جائے تو سندھ میں زیادہ ترقی نظر آتی ہے۔

مزید پڑھیں:  سیکیورٹی خدشات، جنوبی اور شمالی وزیرستان اپر میں کرفیو نافذ