ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راجن پور میں یونیورسٹی اور ڈی جی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کا اعلان کر دیا.
ان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان آکر دلی خوشی ہوئی، ہم نے عوام کی ترقی کیلئے دن رات کام کیا، سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں پنجاب نے بہت ترقی کی، اب مریم نواز عوام کی خدمت کررہی ہیں، اور ہر گھر کی دہلیز پر سہولیات پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خادم اعلیٰ کی حیثیت سے صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کیلئے کام کیا، ساری عمر بھی اس خدمت کا سلسلہ چلتا رہے تو آپ کا احسان نہیں اتار سکتا.
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے اپنی سیاست کو ریاست پر قربان کر دیا، جس کی بدولت آج ہم ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع کرنے جا رہے ہیں، راجن پور میں یونیورسٹی اور ڈی جی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کا اعلان اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، ہم مہنگائی چالیس فیصد سے 4 فیصد پر لے آئے.
وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب مٰیں کہا کہ میرے لیے تمام صوبے برابر ہیں، ہم خون پسینہ بہا کر ملک کو عظیم بنائیں گے، ترقی میں بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔
