ویب ڈیسک: لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے شہید ہونے والے سربراہان حسن نصراللہ اور ہاشم صفی الدین کی تدفین کل کی جائے گی، جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اس سلسلے میں بغداد سے بیروت کو جانے والی پروازوں کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔
حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کی تدفین بڑے عوامی اجتماع میں 23 فروری کو لبنان کےدارالحکومت بیروت میں کی جائےگی، اس موقع پر شہید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ بھی ادا کی جائےگی۔ جنازےکا اجتماع پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے بیروت کے مضافات میں سپورٹس سٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔
جنازےکے اجتماع سےحزب اللہ سربراہ نعیم قاسم خطاب بھی کریں گے، گزشتہ برس 27 ستمبر کو اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے حسن نصر اللہ کو بیروت میں ائیرپورٹ روڈ کے قریب سپرد خاک کیا جائے گا، حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد حزب اللہ کے منتخب سیکرٹری جنرل شہید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ بھی ادا کی جائےگی۔
اس حوالے سے حزب اللہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنازے کا اجتماع ایک تاریخی دن اور موقع ہوگا، لوگوں کی شرکت بہت بڑی تعداد میں ہوگی اور اسرائیل دیکھے گا کہ ہم خوفزدہ نہیں۔ حسن نصراللہ کی تدفین سے قبل بغداد سے بیروت کی پروازوں کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
حزب اللہ کے شہید رہنما حسن نصراللہ کی نماز جنازہ میں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی بھی شریک ہوں گے۔ لبنانی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے 23 فروری کو تدفین کے موقع پر بیروت ائیرپورٹ دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک بند رہے گا۔
یاد رہے کہ حزب اللہ کے شہید ہونے والے سربراہان حسن نصراللہ اور ہاشم صفی الدین کی تدفین کل کی جائے گی، جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں.
