ویب ڈیسک: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سفارتی دہشت گردی شروع کر رکھی ہے، عارف علوی امریکا میں ریاست کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا اور بین الاقوامی تنظیمیں پاکستان کے خلاف مہم جوئی کر رہی ہیں، آج تک بدترین دشمن بھارت نے یہ مہم جوئی پاکستان کے خلاف نہیں کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عارف علوی امریکا میں ریاست کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، یہ پاکستان پر پابندیاں لگوانا چاہتے ہیں، کامیاب نہیں ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں نے اپنی سیاست پاکستان کے مفاد سے اوپر رکھی ہوئی ہے، یہ کس شخص کیلئے شور مچا رہے ہیں، جس کی چوری کا دستاویزی ثبوت پکڑا گیا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان نے تاریخ کی سب سے زیادہ شفاف دستاویزی چوری کی، عوام کی دولت پر بدترین ڈاکہ ڈالا۔
