ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ کردیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب نے اس سلسلے میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا گیا ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے خط میں لکھا کہ21 جون 2008 کو اس وقت کے وزیرِاعظم نے ایئر پورٹ کا نام بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ رکھنے کا اعلان کیا تھا، 17جولائی 2008 کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کا نام بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ رکھنا محترمہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
گورنر کے پی کے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی قومی ہیروز کے نام پر ایئر پورٹس موجود ہیں، یہ اقدام شہید بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ثابت ہو گا۔
خط میں گورنر خیبر پختو نخوا فیصل کریم کنڈی نے صدر مملکت اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مطالبے پر درخواست کرتا ہوں متعلقہ حکام کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی جائیں۔
