پولیس کا طلبہ پر بلاجواز لاٹھی

پشاور، پولیس کا طلبہ پر بلاجواز لاٹھی چارج اور تشدد تعلیم دشمنی ہے، تقویم الحق

ویب ڈیسک: کیمپس پولیس کی طلبہ پرتشدد کے خلاف ناظم اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس تقویم الحق نے کانفرنس میں کہا ہے کہ پولیس کا طلبہ پر بلاجواز لاٹھی چارج اور تشدد تعلیم دشمنی، اور بدترين فسطائیت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتاب کلچر کے فروغ کیلئے خیبر میڈیکل کالج میں کتب میلہ منعقد کرنا چاہتے تھے، جس کا مقصد کسی بھی قسم کی بدامنی پیدا کرنا یا کسی ادارے کی مخالف کرنا قطعی نہیں تھا۔
تقویم الحق کا پریس کانفرنس میں مزید کہنا تھا کہ پولیس کا طلبہ پر بلاجواز لاٹھی چارج اور تشدد کسی تعلیم دشمنی سے کم نہیں، تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کو روکنا اور طلبہ کے پرامن حقوق کو دبانا کسی صورت قبول نہیں، اس حملے کے باوجود ہم اپنے موقف پر قائم ہیں کہ طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کی مکمل آزادی ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر میڈیکل کالج کی انتظامیہ کی خاموشی اور ان کا پولیس کی سفاکیت میں شامل ہونا انتہائی افسوسناک ہے، ان واقعات کے رونما ہونے سے نہ صرف طلبہ کے حقوق کی پامالی کی گئی بلکہ ادارے کے وقار کو بھی مجروح کیا گیا، ہم انتظامیہ کی اس حرکت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ناظم اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی نے بتایا کہ آئندہ بھی طلبہ کے حقوق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، اور کیمپس پولیس کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ اپنے غیر قانونی اور تشدد آمیز رویے کو ترک کرے۔

مزید پڑھیں:  نیوزی لینڈ کا جارحانہ کھیل ،قومی ٹیم کو آخری ٹی20میں بھی شکست