ویب ڈیسک: وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی آسکتی ہے، ماہ رمضان میں سحر وافطار میں بلاتعطل بجلی مہیا کریں گے۔ آئی پی پیز سے زور زبردستی نہیں باہمی مشاورت و رضامندی سے معاہدے تبدیل ہوئے۔
تفصیآت کے مطابق سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی پاور کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سپیشل اسسٹنٹ برائے پاور محمد علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئی پی پیز سے ٹاسک فورس کی بات چیت جاری ہے، چھ پلانٹس سے معاہدہ ختم کردیا ہے، اس وقت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے پاور پلانٹس کے ریٹس کم کرنے پر بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ونڈ اور سولر کے 45 پاور پلانٹس سے بات چیت جاری ہے ان کو ٹیک اینڈ پے پر لائیں گے، گردشی قرض کا سٹاک ختم کریں گے، گردشی قرض کا سود معاف کرایا جائے گا باقی حکومت بینکوں سے فکس کاسٹ پر قرض لے کر ادا کرے گی۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ آئی پی پیز سے زور زبردستی نہیں باہمی مشاورت و رضامندی سے معاہدے تبدیل ہوئے۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ سولر پر ٹیکس لگانے کا کوئی ارادہ نہیں، مستقبل میں بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ممکن ہے، ماہ رمضان میں سحر وافطار میں بلاتعطل بجلی مہیا کریں گے۔
