ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا سمیت ملک کے دیگر علاقوں میںبارش سے موسم خوشگوار، بلوچستان، پنجاب، سندھ میں بھی باران رحمت سے جاتی سردیاں لوٹ آئی ہیں.
تفصیلات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا، جس سے خیبرپختونخوا سمیت ملک کے دیگر علاقوں میںبارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ صوبائی دارالحکومت پشاور اور بالائی علاقوں میں بارش ہونے کے بعد لوگوں نے دوبارہ گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا.
محکمہ موسمیات کی جانب سے خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برف باری کی نوید بھی سنائی گئی ہے، جس سے موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے. پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، جہانیاں اور وہاڑی میں ہلکی بارش، لاہورکے علاقے جوہر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں رات گئے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بادل برسنے کی بھی پیشگوئی کر دی گئی ہے.
صوبہ سندھ کے علاقوں لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر میں بھی آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے، جس سے گرمی کے ستائے چہرے کھل اٹھیں گے۔
