نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل

پشاور، ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہیں،سیاسی رہنماء

ویب ڈیسک: ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے حوالے سے صوبہ کے سیاسی رہنماوں سابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی، سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر اور بزرگ سیاسی رہنما غلام احمد بلور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہیں، اس موقع پر سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم ، ارباب خضرحیات ودیگر بھی موجود تھے۔
بزرگ سیاستدان و سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 13 سال میں ایک سٹیڈیم تک نہیں بنا سکی، اب کے بعد کل کوئی اور اقتدار میں آکر بانی پی ٹی آئی کا نام تبدیل کر دے گا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کارکردگی میں بہت آگے نکل چکی ہیں، حالانکہ وہ ایک خاتون ہیں، صوبائی حکومت کی یہ حرکت بانی پی ٹی آئی کی بدنامی کا باعث بنے گی، بانی پی ٹی آئی کی عزت اسی میں ہے کہ ان کے نام سے نیا سٹیڈیم تعمیر کیا جائے۔
غلام احمد بلور نے کہا کہ آج صوبے میں دہشتگردی کی لہر آچکی ہے، اور سب جانتے ہیں کہ دہشتگردی کون لایا، ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔
سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج سب سیاسی جماعتیں اس عوام اور صوبہ کے خدمت اور مسائل کے حل کے لیے یکجا ہوئے ہیں، اس صوبے میں جو حالات ہیں، ان کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹیڈیم کا نام بدلنا ایک عجیب بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبہ کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کی ابتر صورتحال اور بیڈ گورننس ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہماری روایات کو توڑ رہے ہیں، سٹیڈیم کا نام بدل کر پی ٹی آئی حکومت نے یوٹرن لیا۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاتھ سے ہمارا ملک جا رہا ہے، موجودہ صورتحال کی زمہ داری سب پرعائد ہوتی ہے، جبکہ اپنی غلطی کو چھپانے کے لیے ایسے کام کئے جا رہے ہیں، اس صوبے کی روایات کو نہ چھیڑا جائے تو اچھا ہوگا۔
ارباب عالمگیر نے کہا کہ کچھ چیزیں سیاست سے بالاتر ہوتی ہیں، ہم سب کو اس صوبے کے لئے ایک ہونا پڑے گا، ورنہ وہ وقت دور نہیں کہ ہم سب پچھتائیں گے۔
سابق گورنر خیبر پختونحوا حاجی غلام علی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے صوبہ کی روایات و دستور ہیں، وزیر اعلی صاحب اس بات کا خیال رکھیں، ہم ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہیں، سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کھیل کے لئے ہمیں نئے گراونڈ تعمیر کرنے چاہئیں، آپ کی حکومت ہے، آپ سٹیڈیم بنائیں نا کے نام تبدیل کئے جائِیں۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا حکومت نے تین روزہ عیدالفطر تعطیلات کا اعلان کر دیا