وزراء کی کارکردگی رپورٹ عمران خان

خیبرپختونخوا وزراء کی کارکردگی رپورٹ عمران خان نے طلب کر لی

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کی احتساب کمیٹی کو ہدایات جاری، صوبے میں فنڈز کے استعمال اور خیبرپختونخوا وزراء کی کارکردگی رپورٹ عمران خان نے طلب کر لی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزراء کی کارکردگی کے حوالے سے احتساب کمیٹی کو مئی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے، اس کے ساتھ ہی صوبہ میں فنڈز کے استعمال سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے، احتساب کمیٹی نے اس سلسلے میں جانکاری کیلئے کابینہ اراکین کو طلب کرنا شروع کر دیا۔
پی ٹی آئی احتساب کمیٹی کے رکن و سینئر قانون دان قاضی انور ایڈووکیٹ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں کابینہ اراکین کی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کا حکم ملا ہے، تمام وزراء، مشیر اور معاونین کمیٹی کے سامنے اپنی رپورٹس رکھیں گے، اس لئے کابینہ اراکین فنڈز اور ان کے استعمال سے متعلق کمیٹی کو معلومات فراہم کریں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مئی میں اس عمل کو مکمل کر کے رپورٹ بانی پی ٹی آئی کو پیش کی جائے گی، اس حوالے سے وزیرخوراک گزشتہ روز کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنی کارکردگی رپورٹ پیہش کر چکے ہیں۔ یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی احتساب کمیٹی کو وزرا کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت، صوبے میں فنڈز کے استعمال کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  ‎صحافی وحید مراد کی ضمانت منظور، عدالت کا رہا کرنے کا حکم