ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا، ابتدائی طور پر 26 اراکین گرفتار کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق منشیات ڈیلروں، اسلحہ نمائش کرنے والوں کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ضلع بھر میں مختلف تھانوں کی حدود میں ابتدائی طور پر 26 اراکین گرفتار کر کئے گئے ہیں، یہ افراد عرصہ دراز سے زمینوں پر ناجائز قبضہ کئے بیٹھے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان تھری ایم پی او کے تحت جیل منتقل کر دیئے گئے، جبکہ مزید گرفتاریوں کے لئے خصوصی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ڈویژنل ایس پیز کی نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
گرفتارملزمان تھری ایم پی او کے تحت پشاور کے علاوہ ہری پور سمیت دیگر اضلاع کی جیلوں میں بھی منتقل کر دیئے گئے ہیں، افسران بالا کے خصوصی احکامات کی روشنی میں قبضہ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام ، عوام کی جان و مال کے تحٖفظ اور مظلوم شہریوں کے تحفظ کیلئے پشاور پولیس تمام تر دستیاب وسائل بروئے کارلا رہی ہے۔
