ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ازبکستان مشترکہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے معاہدوں پر فوری عمل بھی ضروری ہے، میں پاکستان میں ہونے والی ازبک سرمایہ کاری کا تحفظ کرونگا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ازبک فلاسفر نے کہا تھا کہ تجارت بڑھانے سے شہر ترقی کرتے ہیں، اور آج پاکستان اور ازبکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، اس کے علاوہ بڑی بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کی تجارتی برادری ایک دوسرے کو سپورٹ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانز افغان ریلوے منصوبہ خطے کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا، پاکستان میں سستی توانائی کے حصول کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے معاہدوں پر فوری عمل درآمد ضروری ہے، میں پاکستان میں ہونے والی ازبک سرمایہ کاری کا تحفظ کرونگا، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان میں آپ کے بزنس کو تحفظ حاصل ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت کے شعبے میں بھی تعاون کے مواقع موجود ہیں، ازبکستان اور پاکستان میں بہت سے سیاحتی اور تاریخی مقامات ہیں۔ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی اقتصادی زونز بنائے گئے ہیں، صوبہ سندھ کا دارالحکومت کراچی اور گوادر پورٹس تجارتی سرگرمیوں کا حب ہیں۔
