ویب ڈیسک: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ڈائیلسز پروگرام بزدار کا نہیں شہبازشریف نے شروع کیا تھا، اس پروگرام کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 10 لاکھ روپے مختص کر دیئے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو ایک سال مکمل ہوا، صوبائی حکومت کا ایک بھی منصوبہ ادھورا نہیں، ایسا کہیں نہیں کہا جا رہا کہ منصوبہ شرو ع کریں گے، ہر منصوبہ شروع ہو کر مکمل ہو چکا ہے۔ ایک پارٹی ایسی ہے جسے پنجاب حکومت کی کارکردگی سے مسئلہ ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا دور حکومت سکینڈلز سے بھرا رہا، عثمان بزدار نے اپنے دور میں کچھ کرکے نہیں دکھایا، ان کے پاس فرصت نہیں تھی یہ مصروف تھے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں کہ منصوبے پی ٹی آئی کے اورتختی مریم نواز کی، ڈائیلسز پروگرام بزدار کا نہیں شہبازشریف نے شروع کیا تھا، اورع وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس کیلئے 10 لاکھ روپے مختص کردیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرین بسیں وزیراعلیٰ مریم نوازاپنی حکومت کے پہلے 10 ماہ میں لائیں، لاہور کی سڑکوں پر 27 گرین بسیں دوڑ رہی ہیں، آئندہ چند ماہ میں 500گرین بسیں مختلف شہروں کیلئے اور آجائیں گی، پنجاب کے اندر 700 نئی سڑکیں بن رہی ہیں، وزیراعلیٰ مریم نوازنے صوبے میں اسٹیٹ آف دی آرٹ بی ایچ یوز بنائے ہیں۔
