ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف سے روس کے اول نائب وزیر برائے توانائی نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میںدونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔
تفصیلات کے مطابق روس کے اول نائب وزیر برائے توانائی پاول سوروکن نے 6 رکنی وفد کے ہمراہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے روسی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم روس کے ساتھ سفارتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
انہوںنے کہا کہ روس کے صدر ولادی میر پوتن سے آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات نہایت مفید رہی، وزیراعظم نے روسی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔
روسی وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کی بے پناہ استعداد موجود ہے روس پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
روسی اول نائب وزیر برائے توانائی نے شاندار میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
