ویب ڈیسک: ٹل پاراچنار شاہراہ 153 روز سے بند، شہریوں کی مشکلات بڑھنے لگیں، حکومت اب تک شاہراہ کھلوانے میں ناکام، پاراچنار کے شہریوں نے جگہ جگہ احتجاج شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹل پاراچنار شاہراہ 153 روز سے بند ہے ، حکومت بھی شاہراہ نہ کھلوا سکی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس دوران کھانے پینے کی اشیاء، پیٹرول اور ادویات کی قلت کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھنے لگی ہیںِ۔
رمضان المبارک میں روزہ داروں کی مشکلات کا ادراک حکومت نہیں کر پا رہی، خوردنی اشیا کی قلت کی وجہ سے پاراچنار کے شہریوں نے جگہ جگہ احتجاج شروع کردیا ہے۔
اس موقع پر شہریوں کا کہنا ہے کہ خوراک نہ ملنے سے پہلے سے ہی پریشان تھے اور اب سحر و افطار میں صرف پانی پر گزارا کر رہے ہیں، ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار اور نواحی علاقوں میں سحری کے وقت بجلی کی بندش نے مقامی افراد کو الگ سے پریشان کرنا شروع کر دیا ہے۔
