ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مضبوط اعصاب کے مالک ہیں وہ کبھی نہیں ٹوٹ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی ہفتوں سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی، انہیں اس سیل میں رکھا گیا جس میں دہشتگردوں کو رکھا جاتا ہے، پاکستان کے سابق وزیر اعظم کے ساتھ ایسا رویہ رکھنا نا قابل یقین ہے۔
شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی مضبوط اعصاب کے مالک ہیں وہ کبھی نہیں ٹوٹ سکتے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ پچھلے 6 ماہ میں ایک سیاسی ملاقات کرائی گئی ہے، عدالت نے کہا کہ 6 لوگ بانی پی ٹی آئی سے ملیں گے، جبکہ یہاں عدالتی حکم کی دھجیاں اڑائی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قیدی کا اپنی فیملی سے ملنا تو اس کا حق ہوتا ہے لیکن پھر بھی ملنے کے لئے عدالت جانا پڑتا ہے، لیکن یہاں عدالتوں کے احکامات ہوا میں اڑائے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پاس آرڈر ہے کہ ہر ہفتہ ملاقات کرائی جائے، لیکن اس کے باوجود ملنے نہیں دیا جاتا۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ سینئر ترین وکلاء ہیں لیکن ان کو 2 کلو میٹر پیچھے اتار دینا اور پھر نا ملنے دینا زیادتی ہے، 6 وکلاء کی اجازت ہے لیکن 4 وکلاء کو اجازت دی گئی، وہ بھی اپنی مرضی کے، عدالتوں کو ان کے خلاف ایکشن لینا چاہیئے کیونکہ عدالتوں کے احکامات ہوا میں اڑائے جا رہے ہیں۔
شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی کتابوں کو روک کر اوچھی حرکتیں کی جاتی ہیں، اخبارات کو روک دیا جاتا ہے اور پھر ہمیں کورٹ جا کر اجازت لیکر ان کو مہیا کرنا پڑ رہی ہیں، عمران خان کی اہلیہ کو ان سے ملنے نہیں دیا جارہا، پچھلے 6 ماہ میں عمران خان نے اپنے بچوں سے بات تک نہیں کی۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں فسطائی حکومت ہے جو کہ ایسے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں، ہر ایک کیس کے لئے الگ وکیل چاہیئے، کوئی وکالت نامہ کروانا ہو تو کئی کئی دن پھرتے رہتے ہیں۔ اگر ایسی حرکتیں کی جائیں گی تو پھر یہ معاملات احتجاج کی طرف جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشرا بی بی کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا اس کی مزمت کرتے ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عدلیہ اس پر ایکشن لے، یہ بنیادی حقوق اور ملاقاتوں کی بات ہے اگر دیگر بڑے کیسز کو دیکھا جائے تو کیا ہوگا۔
