گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ معطل

خیبرپختونخواکےصنعتی صارفین کیلئے گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ معطل

ویب ڈیسک: خیبرپختونخواکے صنعتی صارفین کیلئے گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا گیا، درخواست گزارصنعتوں کو پرانے ریٹ پر ادائیگی کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاورہائیکورٹ نے قدرتی گیس کے ٹیرف میں اضافے کیخلاف دائر رٹ پر گیس ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفیکیشن معطل کردیا اور درخواست گزار صنعتوں کو پرانے ریٹ پر ادائیگی کا حکم دیا ہے، گزشتہ روز جسٹس وقار احمد اور جسٹس ثابت اللہ پر مشتمل دورکنی بنچ نے لکی سیمنٹ، چراٹ سیمنٹ وغیرہ کی درخواستو ں کی سماعت کی۔
اس دوران ایس این جی پی ایل کے وکیل اسد جان اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل راحت علی نحقی پیش ہوئے، درخواست گزاروں کے وکیل شمائل بٹ نے بتایاکہ اوگرانے 26 جنوری 2025کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے صنعتی صارفین کےلئے گیس کی قیمتیں 3000 روپے سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ اوگرا نے ایس این جی پی ایل کے نرخوں کا جائزہ لیتے ہوئے صنعتی صارفین کیلئے 1772 روپے ریٹ مقرر کرنے کی تجویزدی ہے تاہم وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کی صنعتوں کے ساتھ امتیازی سلوک رکھتے ہوئے ٹیرف میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں صنعتوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ آرٹیکل 158کے تحت دوسرے صوبوں کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی صنعتوں کو یکساں ریٹ پر گیس ملنی چاہیے لیکن وفاقی حکومت یہاں کی صنعتوں کو سپلائی کم کرنا چاہتی ہے، پہلے بھی نومبر میں پشاور ہائیکورٹ نے اسی قسم کا اضافہ معطل کیاتھا۔
اس موقع پر عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد عبوری حکم امتناع جاری کرتے ہوئے صنعتوں کو پرانے نرخوں پر ادائیگی کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے، جبکہ خیبرپختونخواکے صنعتی صارفین کےلئے گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا۔

مزید پڑھیں:  ایمنسٹی انٹرنیشنل کا پاکستان سے غیر ملکیوں کے انخلا کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ