ویب ڈیسک: امداد میں تاخیر کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ امریکی امداد رکنے سے انسداد پولیو مہم تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے۔ پولیو کے خاتمے میں جتنا زیادہ وقت لگےگا اس کا خاتمہ اتنا ہی مہنگا پڑےگا۔
پاکستان اور افغانستان میں ڈبلیو ایچ او انسداد پولیو پروگرام کے ڈائریکٹر حامد جعفری کا کہنا ہے کہ اس سال پولیو خاتمہ پروگرام کے لیے امریکا سے ملنے والے 13 کروڑ 30 لاکھ ڈالر نہیں ملے، جبکہ فنڈز میں کمی کے باعث انسداد پولیو کیلئے کی جانیوالی کوششیں تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں، اور معذور بچوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
حامد جعفری کے مطابق پولیو کے خاتمے میں جتنا زیادہ وقت لگےگا اس کا خاتمہ اتنا ہی مہنگا پڑے گا، جبکہ مہم جاری رکھنے کے لیے دیگر ذرائع کی طرف بھی دیکھ رہے ہیں، کیونکہ افغانستان اور پاکستان میں پولیو ویکسینیشن مہم کو ہر صورت محفوظ بنایا جائے گا۔
