5a0164a93c554

دانش تیمور نے عائزہ کو شادی کی پیشکش کیسے کی؟

پاکستان کی کامیاب جوڑی عائزہ خان اور دانش تیمور کو مداح ہمیشہ سے بے حد پسند کرتے آرہے ہیں اور ان دونوں کا شمار انڈسٹری کے کامیاب اداکاروں میں کیا جاتا ہے جبکہ ان کے رشتے کی مثالیں بھی دی جاتی ہیں۔

عائزہ خان اور دانش تیمور ایک ساتھ کئی پروجیکٹس میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں جبکہ متعدد انٹرویوز میں یہ دونوں ایک دوسرے کو سراہتے نظر آتے ہیں۔

تاہم آج تک ان دونوں اداکاروں نے مداحوں کو یہ نہیں بتایا کہ ان کے تعلق کا آغاز ہوا کیسے یا دانش تیمور نے عائزہ کو شادی کی پیشکش کیسے اور کہاں کی لیکن اب اداکار دانش تیمور نے ایک انٹرویو میں خود اس بات سے پردہ اٹھادیا۔تحریر جاری ہے‎

اداکارہ ماریہ واسطی کو دیے ایک انٹرویو میں دانش تیمور نے عائزہ خان سے اپنے تعلق، ان سے پہلی ملاقات اور شادی کی پیشکش کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

دانش تیمور کا کہنا تھا کہ ‘فیس بک سے قبل آرکٹ استعمال کیا جاتا تھا اور وہیں ہم دونوں نے بات چیت شروع کی، وہ میری بہت بڑی مداح تھیں، میں نے بہت جلدی انہیں شادی کی پیشکش کردی تھی، (تاہم) شادی سے قبل میں نے عائزہ خان سے کبھی درخواست نہیں کی کہ وہ میرے ساتھ باہر چلیں’۔

مزید پڑھیں:  عزیز میاں قوال کو مداحوں سے بچھڑے 24 برس بیت گئے

اداکار نے بات کی تفصیل بتاتے کہا کہ ‘عائزہ نے میرے کام کی تعریف کی اور کہا کہ وہ میری بہت بڑی مداح ہیں، تب میں نے سوچا کہ یہ لڑکی بہت اچھی ہے اور اسے میرے گھر میں ہونا چاہیے، جس کے بعد میں نے انہیں شادی کی پیشکش کی لیکن عائزہ نے یقین کرنے سے انکار کردیا’۔

دانش تیمور نے یہ بھی انکشاف کیا کہ عائزہ کو یقین دلانے کے لیے انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ان کی والدہ سے ملاقات کرنا چاہیں گے، جس کے بعد عائزہ سے ملنے سے قبل ہی ان کی ملاقات ان کی والدہ سے ہوئی۔

ایک موقع پر دانش تیمور نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ‘جب میں کالج میں تھا تو میری ایک دوست مجھے پسند کرتی تھی لیکن ایک سال بعد مجھے ایسا محسوس ہوا کہ اب ہمیں اپنی تعلیم پر فوکس کرنا چاہیے، میں جانتا تھا ہم شادی نہیں کرسکیں گے کیوں کہ میری عمر بہت کم تھی لیکن جب میں نے اسے یہ بتایا تو اس نے یقین نہیں کیا، وہ سمجھی کہ میں کسی اور کو پسند کرتا ہوں’۔

مزید پڑھیں:  عزیز میاں قوال کو مداحوں سے بچھڑے 24 برس بیت گئے

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘اس (لڑکی) نے زور دیا کہ میں اس لڑکی کا نام بتاؤں تو صرف بات ختم کرنے کے لیے میں نے کہا کہ میں کسی کنزہ نامی لڑکی کو پسند کرتا ہوں، یہ بات عائزہ سے ملنے سے 10 سال پہلے کی تھی اور 10 سال بعد جب میں عائزہ سے ملا اور وہ مجھے پسند آئیں تو پتا چلا کہ عائزہ کا اصل نام کنزہ ہی ہے اور میں نے اس طرح کنزہ سے ہی شادی کی’۔

اپنی بات کو ختم کرتے ہوئے دانش تیمور کا کہنا تھا کہ وہ قسمت پر یقین رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عائزہ آج ان کی زندگی کا حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ عائزہ خان اور دانش تیمور کی شادی 2014 میں ہوئی تھی اور ان دونوں کے دو بچے حورین اور ریان ہیں۔

عائزہ اور دانش ‘ساری بھول ہماری تھی’ اور ‘جب وی ویڈ’ جیسے پروجیکٹس میں اکٹھے کام کرچکے ہیں۔