ویب ڈیسک: پاکستان نے امریکی معلومات پر داعش کے کمانڈر کو گرفتار کیا، جو 2021 میں افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے موقع پر کی گئی بھیانک دہشتگردی کی سازش میں ملوث تھا۔ یہ باتیں مغربی خبر ایجنسی کی جانب سے دعویٰ کے ساتھ بتائی گئی ہیں۔
مغربی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ 2021 میں کابل ائیرپورٹ کے ایبی گیٹ پر دہشتگردی کے واقعے میں 13 امریکی فوجی اور 170 افغان شہری مارے گئے تھے، محمد شریف اللہ داعش کے ان لیڈرز میں سے ایک ہیں جس نے مبینہ طورپر اس دہشتگردی کی سازش کی تھی، وہ دہشتگرد جعفر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس دہشت گرد کو پاکستانی خفیہ ایجنسی نے گرفتار کیا تھا اور اب اسے امریکا لایا جارہا ہے۔
امریکی اہلکار کے مطابق 26 اگست کو دہشتگردی کی اس واردات کا شریف اللہ ہی ماسٹر مائنڈ ہے۔ صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی سی آئی اے ڈائریکٹر کو ہدایت دی تھی کہ وہ ایبی گیٹ دہشتگردی میں ملوث عناصر کو پکڑنا ترجیح بنائیں، اس لئے عہدہ سنبھالنے کے دوسرے ہی روز سی آئی اے ڈائریکٹر نے پاکستان میں سینئر حکام کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا تھا اورپھر میونخ سکیورٹی کانفرنس میں بھی پاکستان کے ایک اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ اس معاملےپر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے سے جب اس معاملے پر خبرایجنسی نے رابطہ کیا تو انہوں نے خبر پر ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
