ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں 15اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس ثابت اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ اپنے وکلا سمیت عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے مقدمات کی تفصیلات سے متعلق کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں 15اپریل تک توسیع کردی۔
نیب پراسیکیوٹر نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ نیب کے پاس وزیراعلیٰ کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے، جبکہ اس موقع پر ایڈیںشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پنجاب اور ایف آئی اے کے متعدد مقدمات علی امین گنڈاپور کیخلاف درج ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیڈریشن اور دیگر اداروں سے مقدمات کی تفصیلات طلب کی جائے، وزیراعلیٰ کے خلاف خیبرپختونخوا حکومت سے بھی تفصیلات طلب کی جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ یہ کیا بات ہے آپ اتنی کمزور بات کر رہے کہ اپنے صوبے سے بھی تفصیلات مانگ رہے ہے۔
