ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں زیر تعمیر بس ٹرمینل کی تعمیر کے حوالے سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ 3ارب 67کروڑ روپے کی لاگت سے زیرتعمیر منصوبہ جون تک مکمل ہوگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے پشاور میں زیر تعمیر بس ٹرمینل کا دورہ کیا جہاں ان کے ساتھ صوبائی کابینہ اراکین ارشد ایوب خان، رنگیز احمد اور بیرسٹر محمد علی سیف بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ کو زیر تعمیر بس ٹرمینل کے مختلف پہلوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ اس موقع پر انہوں نے بس ٹرمینل میں جاری تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پشاور بس ٹرمینل پر 75 فیصد کام مکمل ہے اور رواں سال جون تک مکمل کر لیا جائے گا، یہ بس ٹرمینل 323 کنال رقبے پر محیط ہے، 3ارب 67کروڑ روپے روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کومزید بتایا گیا کہ اس جدید طرز کے بس اسٹینڈ میں مسجد، کار پارکنگ، ریسٹ ایریاز، واش رومز سمیت تمام درکار سہولیات دستیاب ہوں گی، بس اسٹینڈ میں سولر سسٹم اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پشاور بس ٹرمینل اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرمینل ہوگا، نئے ٹرمینل کی تعمیر سے پشاور شہر میں ٹریفک مسائل بھی کافی حد تک ختم ہو جائیں گے۔
انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر ٹائم لائنز کے مطابق پیش رفت اور اس کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔
