امریکہ سے تعلقات کی بہتری

امریکہ سے تعلقات کی بہتری کا راز پاکستان سے شیئر کیا تھا، جان ریٹکلف

ویب ڈیسک: امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے کہا ہے کہ امریکہ سے تعلقات کی بہتری کا راز پاکستان سے شیئر کیا تھا، اور کہا تھا کہ تعلقات اچھے کرنے ہیں تو ایبی گیٹ حملے کے دہشتگرد کی گرفتاری کو ترجیح دینا ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عہدہ سنبھالنے کے دوسرے روز ہی پاکستانی حکام سے رابطہ کیا تھا، اور امریکہ سے تعلقات کی بہتری کا راز پاکستان سے شیئر کیا تھا۔ پاکستانی خفیہ ایجنسی سے خفیہ معلومات شیئر کیں جو ہمارے پاس موجود تھیں، جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ کہ شریف اللہ عرف جعفر افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقے میں چھپا ہوا تھا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ میں نے کہا تھا کہ اگر آپ امریکہ اور صدر ٹرمپ کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں تو آپ کو اس معاملے کو اولین ترجیح پر رکھتے ہوئے کام کرنا ہو گا، لہذا ہم نے پاکستانی انٹیلی جنس کے ساتھ مل کر کام کیا، اور شریف اللہ عرف جعفر کو گرفتار کر لیا، اب اسے امریکی عدالتوں کا سامنا کرنا ہو گا۔
ریٹکلف کا کہنا تھا کہ یہ سب صدر ٹرمپ کے باعث ممکن ہوا ہے کہ نہ صرف ہمارے اتحادی بلکہ وہ ممالک جو مسائل پیدا کرتے رہے ہیں، وہ بھی امریکی صدر کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے امریکی خبر رساں ادارے نے بتایا ہے کہ مبینہ جعفر کے نام سے مشہور کمانڈر محمد شریف اللہ افغانستان اور پاکستان میں داعش کے ایک اہم گروہ کا رہنما تھا اور اس پر الزام ہے کہ اس نے 26 اگست 2021 کو کابل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی کی، جس میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 170 سے زائد افغان شہری ہلاک ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکی خفیہ ایجنسی کی فراہم کردہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے داعش کے ایک اعلیٰ کمانڈر محمد شریف اللہ کو گرفتار کیا ہے، جسے امریکا 2021 میں افغانستان سے انخلا کے دوران ایبی گیٹ بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیتا ہے۔

مزید پڑھیں:  عدالت کا عمران خان کو ویڈیو لنک یاذاتی حیثیت میں پیش کرنےکاحکم