ویب ڈیسک: راستوں کی بندش کیخلاف پاراچنار میں دھرنا پانچویں روز بھی جاری، شہریوں کا آمد و رفت کے راستے کھولنے اور بدامنی سے متاثرہ خاندانوں کو امدادی پیکج دینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق پاراچنار پریس کلب کے باہر راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں کا احتجاجی دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے، اس دوران شہریوں کی جانب سے آمد و رفت کے راستے کھولنے اور بدامنی سے متاثرہ خاندانوں کو امدادی پیکج دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
علاقہ عمائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی کے دوران علاج نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہونے والے بچوں سمیت متاثرہ 500 افراد کے خاندانوں کو شہید پیکج دیا جائے، انہوں ںے مزید کہا کہ آمد و رفت کے راستے کھولنے اور محفوظ بنانے تک دھرنا جاری رکھا جائے گا۔
علاقے میں امن اوعر راستے کھولنے کے حوالے سے لوئر کرم بگن میں بھی شہریوں کا دھرنا جاری ہے، دھرنے کے شرکا کی جانب سے بگن متاثرین کو امداد دینے اور بگن کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
سماجی رہنما مسرت منتظر کا کہنا ہے کہ پانچ ماہ سے آمد و رفت کے راستوں کی بندش کے باعث پانچ لاکھ ابادی محصور ہو کر رہ گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعات اور جھڑپوں کے باعث آمد و رفت کے راستے بند ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
