ویب ڈیسک: پنجاب پولیس کی جانب سے خیبرپختونخوا بارڈر پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، سحری کے وقت 15 سے 20 دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر چاروں اطراف سے حملہ کیا، جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے خیبرپختونخوا بارڈر پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، ضلع ڈیرہ غازی خان میں پنجاب پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دہشت گردوں کے دوسرے بڑے حملے کو ناکام بنایا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سحری کے وقت 15 سے 20 دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر چاروں اطراف سے حملہ کیا اور اس دوران راکٹ لانچرز سمیت بھاری اسلحہ کا استعمال کیا۔ پولیس نے جدید تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گرد ناکام رہے، جبکہ اس جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ حملہ اس سے چھ دن پہلے چیک پوسٹ لکھانی پر ہونے والے حملے کے بعد دوسرا بڑا حملہ تھا، اس حملے کو بھی ناکام بنا دیا گیا تھا۔ اس کامیاب کارروائی پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں کے اب تک 19 حملے ناکام بنا چکی ہے۔
