بھارتی سپر اسٹار تھلاپتی وجے کی دعوت افطار، روزہ رکھا، باجماعت نماز بھی پڑھی

جنوبی ہندوستان کے سپر اسٹار تھلاپتی وجے نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایک شاندار افطار پارٹی کا اہتمام کیا، جس میں انہوں نے ٹوپی پہن کر نماز میں شرکت بھی کی۔
تھلاپتی وجے کی جانب سے یہ دعوت افطار 7 مارچ کو چنئی میں منعقد ہوئی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
تھلاپتی وجے نے چنئی کے رویاپیٹہ میں واقع YMCA گراؤنڈز پر ایک گرانڈ افطار پارٹی کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں مقامی مسلم برادری کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
افطار کی تقریب میں عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے بھارتی اداکار نے مسلمانوں کی طرح سفید لباس اور سر پر نماز کی ٹوپی پہنے ہوئے تھے۔ انہوں نے روزہ داروں کے ساتھ مل کر باجماعت نماز ادا کی اور افطار میں شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق، تھلاپتی وجے نے پورا دن روزہ رکھا اور اسلامی روایات کے مطابق نماز ادا کی۔ انہوں نے مقامی مسلم برادری کے ساتھ مل کر افطار کیا اور ایک شاندار دعوت کا اہتمام کیا۔ تقریب میں 15 مقامی مساجد کے اماموں کو دعوت دی گئی تھی، جنہوں نے نماز کی امامت کی۔
تھلاپتی وجے کی ٹوپی پہنے نماز میں شرکت کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔ ان کے مداحوں نے ان کے اس اقدام کو سراہا اور ان کی رواداری اور یکجہتی کے جذبے کی تعریف کی۔
تھلاپتی وجے کا رمضان المبارک میں افطار پارٹی کا اہتمام اور مسلم برادری کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ نہ صرف ان کی رواداری کو ظاہر کرتا ہے، بلکہ یہ ان کے مداحوں کے دلوں میں ان کی جگہ اور مضبوط کرتا ہے۔