ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے اگلی سماعت تک وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو گرفتار نہ کرنے کاحکم جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے مختصر حکم نامہ جاری کر دیا، اس دوران کسی مقدمے میں اگلی سماعت تک وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو گرفتار نہ کرنے کاحکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے جاری فیصلہ میں علی امین گنڈاپور کے خلاف متعلقہ ریکارڈ اور زیر التوا مقدمات کا ریکارڈ بھی پیش کرنے کا حکم دیا، قومی احتساب بیورو کے پراسیکیوٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ کے خلاف صرف بیورو آفس میں ایک انکوائری زیر التوا ہے، اور درخواست گزار کے خلاف کسی اور عدالت میں کوئی کیس یا ریفرنس موجود نہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اے اے جی نے بتایا ہے کہ مقدمات کی تفصیلات اکٹھی کرنے کے لیے وقت درکار ہے، اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے کوئی رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔
اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل افس بھی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرے، اور صوبائی حکومت بھی تمام متعلقہ ریکارڈ عدالت میں پیش کرے۔ بعدازاں کیس کی اگلی سماعت 15 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔
