نیم دلانہ کارروائی

صوبائی دارالحکومت پشاور کے مرکزی علاقہ گلبہار کے ایک گودام سے پنجاب سے لائی گئی جعلی یا پھر ملاوٹ شدہ و غیر معیاری دودھ کے کنٹینر کی برآمدگی اس امر پردال ہے کہ شہر میں داخلے کے وقت اشیائے خوراک کے معیار کی جانچ پڑتال کا کوئی نظام موجود نہیں اور نہ ہی عملہ جانچ پڑتال کی ذمہ داری پوری کرتا ہے امر واقع یہ ہے کہ درجنوں محکموں کی ذمہ داری ہونے کے باوجود کوئی بھی محکمہ اپنی ذمہ داری پوری کرنے پر توجہ نہیں دیتا یہی وجہ ہے کہ شہر میں غیر معیاری اور مضر صحت خوراکی ا شیاء کی خرید و فروخت کھلے عام جاری ہے محکمہ خوراک اور خاص طور پر فوڈ اتھارٹی کی تو بنیادی ذمہ داری ہی اس طرح کی صورتحال پر نظر رکھنے اور اقدامات کا ہے اس مقصد کے لئے سرکاری طور پر پورے انتظامات موجود ہیں عملہ اور گاڑیاں دی گئی ہیں مگر ان کی موجودگی و غیر موجودگی برابر اس لئے ہے کہ کبھی کبھار ہی محض نمونے حاصل کرنے کو کارکردگی اور فرائض منصبی کی ادائیگی سمجھا جاتا ہے عملی طور پر محکمہ خوراک کاعملہ اور فوڈ اتھارٹی کے اہلکار اگر ملی بھگت اور بدعنوانی میں ملوث نہ بھی گردانے جائیں تو ڈنک ٹپائو کے الزام سے ہر گز بری الذمہ نہیں ہو سکتے ‘ ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ کے پاس بھی اختیارات موجود ہیں مگر ان سے توقع ہی عبث ہے ۔ رمضان المبارک میں بھی اگر متعلقہ محکمہ جات کا عملہ شہریوں کو زہر خورانی سے بچانے کے اقدامات نہیں کرتا تو ان کی موجودگی کاجواز ہی کیا رہ جاتا ہے جہاں شہر میں دودھ کی کوئی دکان ایسی نہ ہو جہاں سے شہریوں کو خالص دودھ میسر آئے اور ہر جگہ غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ دودھ کا کاروبار عروج پر ہو رہا ہو وہاں ایک ٹینکر کی برآمدگی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف امر ہے بہرحال اس کے باوجوداس امر کا اعتراف حس ظن ہے کہ یہ بالاخر ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی خیال آہی گیا ہے اور توقع کی جاسکتی ہے کہ شہر میں مضر صحت اشیائے خوردنی کی خریدوفروخت کرنے والوں کے خلاف نہ صرف گھیرا تنگ کیا جائے گا بلکہ اس طرح اشیاء فروخت کرنے والوں کو شعور دے کر ان کوحفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کاروبار کا پابند بھی بنایا جائے گا۔توقع کی جانی چاہئے کہ پنجاب سے خیبر پختونخوا کو جعلی وغیر معیاری دودھ اور مردہ مرغیاں لانے کے عمل کے سدباب کے لئے سنجیدہ اقدامات اختیار کئے جائیں گے اور اس ضمن میں انتظامیہ اور متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گی۔

مزید پڑھیں:  اول خویش ' بعد درویش؟