نیتن یاہو اور سربراہ سیکیورٹی ایجنسی

نیتن یاہو اور سربراہ سیکیورٹی ایجنسی میں ٹھن گئی، استعفیٰ دینے سے انکار

ویب ڈیسک: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سربراہ سیکیورٹی ایجنسی میں ٹھن گئی، وزیراعظم کے مطالبے کے باوجود استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سربراہ سیکیورٹی ایجنسی سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا، جبکہ چیف سیکیورٹی ایجنسی نے استعفیٰ دینے سے یکسر انکار کر دیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے مبینہ طور پر شِن بیت (اسرائیلی سیکیورٹی ایجنسی) کے سربراہ رونین بار سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے، تاہم بار نے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے رونین بار سے کہا کہ حکومت نے شِن بیت کی تحقیقات کا انتظار کیا، اور اب چابیاں حوالے کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بار نے اس موقع پر کہا کہ اگر نیتن یاہو انہیں عہدے سے ہٹانا چاہتے ہیں تو انہیں خود برطرف کرنا ہوگا، ملاقات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوئی اور یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا نیا سیکیورٹی ایجنسی سربراہ مقرر کیا جائے گا یا نہیں۔ یاد رہے کہ نیتن یاہو کو ایک نئے شِن بیت سربراہ کی تقرری کا پورا اختیار حاصل ہے۔
شِن بیت نے اس دعوے کی تردید کی کہ رونین بار اپنے جانشین کا تعین کرنا چاہتے ہیں، شِن بیت سربراہ نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ اپنے جانشین کا تقرر کریں گے۔ دہائیوں سے یہ روایت رہی ہے کہ ایجنسی کے نائب سربراہ کو اس عہدے کے لیے زیر غور لایا جاتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ وزیر اعظم کا ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:  کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس غیرمعینہ مدت کیلئے معطل