ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی ایم پی اے افتخار مشوانی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں کسی مقدمہ میں بھی گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی افتخار مشوانی کی مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحب زادہ اسد اللہ اور جسٹس اورنگزیب خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
اس دوران عدالت نے افتخار مشوانی کو 15 اپریل تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا، جبکہ عدالت نے اگلی پیشی پر وزارت داخلہ سمیت متعلقہ فریقین سے رپورٹ طلب کر لی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار رکن اسمبلی ہیں، اس پر جسٹس صاحب زادہ اسد اللہ نے کہا کہ آپ کے اومنی بس والے مسئلے ختم نہیں ہوئے جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جی بس ختم ہونے والے ہیں۔
جسٹس صاحب زادہ اسد اللہ نے کہا کہ ایف آئی اے اور نیب کی تفصیلات تو آگئی ہیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل دولت خان نے جواب دیا کہ جی آگئی ہیں، صرف وزارت داخلہ کی رپورٹ آنا باقی ہے، اس کے لیے خط لکھ دیا ہے۔
عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی۔ عدالت نے اگلی پیشی پر وزارت داخلہ سمیت متعلقہ فریقین سے رپورٹ طلب کرلی۔
