ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، کبھی نہیں جھکی، ہر آمرانہ دور میں سیاسی کارکنوں سے نارواسلوک تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا، اس دوران پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور کی وفات اور جے یو آئی (س) کے سابق رکن قومی اسمبلی حامد الحق حقانی کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست کا محور ہمیشہ نظریے اور اصول رہے، پیپلزپارٹی نے آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، اور کبھی نہیں جھکی، لیکن یہ حقیقت ہے کہ آمر دور میں سیاسی کارکنوں سے نارواسلوک تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
انہوں نے نواب یوسف تالپور کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواب یوسف تالپور ایک عوامی سیاستدان تھے، وہ اصولی اور نظریاتی سیاست کرتے تھے، پیپلزپارٹی کے تمام جمہوری کارکنوں کے ساتھ آمرانہ دور میں اچھا سلوک نہیں ہوتا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اس ملک میں پانی کا بحران ہمیشہ سے رہا ہے، پانی کے بحران اور تقسیم پر نواب یوسف تالپور نے ہمیشہ آواز بلند کی۔ بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
