ویب ڈیسک: رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ شہباز گل نے عمران خان کے 2فون چراکے ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے کئے،عمران خان خود کہیں تو استعفے دے دوں گا ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ مجھے عہدے سے ہٹانے کی کوئی وجہ ہے ہی نہیں، میرے بڑے حساب ان کی طرف نکلتے ہیں، 9مئی کے بعد ہم نے جلسے کیے، یہ جلسے نہیں کرسکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایم این ایز کو بانی کا حکم تھا کہ اسٹیج پر جانا ہے، میں عمران خان کے حکم پر اسٹیج پر گیا تھا، میرے نام کے نعرے لگے، اس پر انہیں تکلیف ہے، میں نے بڑی تکالیف اٹھائیں، جیلوں میں گیا، میرے گائوں کے گھر کو گرا دیا گیا، خیبر سے سندھ تک ہم نے جلسے کئے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میرے خلاف سازش عمران خان کے قریب ترین لوگوں نے کی، میری علیمہ خان اور بشری بی بی سے کوئی عداوت نہیں، ایک حادثاتی سیاستداں ہوں، پارٹی کے بعض لوگ مجھے پسند نہیں کرتے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کئی آپریشنز کے باوجود ہم دہشت گردی پر قابونہ پاسکے، آج جیسے واقعات کا سلسلہ بڑھ سکتا ہے، بلوچستان کے لوگ گمشدہ ہیں، ان کی کم ازکم ہڈیاں تو ورثا کو دے دیں، ان کی خواتین کے ساتھ اسلام آباد میں کیا سلوک کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پوراور بشری بی بی کے تعلقات نہیں ہیں، شہباز گل نے عمران خان کے 2 فون چراکے ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے کر دیئے ہیں ۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اگر ہمارے پاس حل ہوتا تو ہم دہشت گردی پر قابو پا لیتے، 24سال ہوگئے ہیں،7 لاکھ کی فوج رکھنے کے باوجود بھی ہم دہشت گردی پر قابو نہیں پا سکے ہیں، آج بلوچستان میں ٹرین کا واقعہ پیش آیا، کل کو ایسے مزید واقعات رونما ہوسکتے ہیں، لوگوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، ایسی چیزوں سے کراہت آتی ہے، شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوان بھی ہمارے بچے ہیں، ہمیں پاکستان کے ہرعلاقے کے لوگوں کو ان کا حق دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میرے حلقے سے پیٹرول اور گیس نکلتا ہے، سالانہ 14ارب سے زائد روپے قومی خزانہ میں جا رہے ہیں، ہمیں کچھ بھی نہیں مل رہا، وسائل پر حق نہ ملنے پر لوگوں میں احساس محرومی ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ ہمیں ہر علاقے کے عوام کو ان کا حق دینا ہے، مجھے عہدے سے ہٹانے کی کوئی وجہ ہے ہی نہیں، میرے بڑے حساب ان کی طرف نکلتے ہیں، 9مئی کے بعد ہم نے جلسے کیے، یہ جلسے نہیں کرسکتے تھے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ پارٹی میں کلچر ہے کہ مار بھی کھا اور تلوے بھی چاٹو، سوشل میڈیا اتنا طاقتور ہوگیا کہ بانی پی ٹی آئی کے کنٹرول میں بھی نہیں، شہباز گل نے عمران خان کے 2 فون چوری کرکے ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے حوالے کر دیئے، پتا چلنے پر بانی پی ٹی آئی نے شہباز گل کو پارٹی سے نکال دیا، اس کے بعدعمران خان کبھی اس سے ملا ہی نہیں ہے۔
