محسن نقوی کا وزیراعلیٰ بلوچستان

محسن نقوی کا وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ، تعاون کی یقین دہانی

ویب ڈیسک: جعفر ایکسپریس حملے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی، جبکہ دہشتگردی کے اس واقعے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس حملے کے واقعے کے بعد سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے مسلسل رابطہ قائم رکھا ہوا ہے۔ محسن نقوی نے اس واقعہ پر اظہار افسوس کیا، اور بلوچستان حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مؤثر آپریشن پر دونوں رہنماؤں نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے، اور وزیراعلیٰ بلوچستان کیساتھ مل کر دہشتگردوں کا صفایا کریں گے، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ حملہ آوروں کو زمین پر جگہ نہیں ملے گی، ادارے تعاقب میں ہیں، کوئی نہیں بچے گا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس سے مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زخمی مسافروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں، نہتے مسافروں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے، معصوم مسافروں پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ دشمن قوتیں بلوچستان میں دہشتگردی کے ذریعے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہی ہیں، جو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مزید پڑھیں:  ریڈیو پاکستان حملہ کیس، 6ملزمان گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم